اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی تقریر پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کے والد نے مزدوروں کے حقوق چھین کر جعلی اکاؤنٹس کا جال بُنا۔
تفصیلات کے مطابق مواصلات کے وزیر مراد سعید نے بلاول بھٹو کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی جماعت نے کراچی کو عزیر بلوچوں اور راؤ انواروں کے رحم و کرم پر چھوڑا۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ غریب کے پاس پی پی نے چھوڑا ہی کیا ہے جو اَب وہ غریب کے حقوق چھینے جانے کے نعرے لگا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مال حرام بچانے کے لیے سندھ اور پنجاب کی لکیریں کھینچنا شرم ناک عمل ہے، جونیئر زرداری فکر نہ کریں، پنجاب میں بھی بھل صفائی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے: بلاول بھٹو
پی ٹی آئی رہنما نے ن لیگی رہنماؤں پر بھی تنقید کی، کہا انھوں نے پنجاب کو اپنی چرا گاہ بنایا، اب وہ بد ہضمی کا شکار ہیں ہو چکے تو معالج تلاش کر رہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ جس نے بھی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے اسے کٹہرے میں آنا ہوگا، سندھ اور نہ ہی پنجاب کے لٹیروں کو کوئی رعایت ملے گی۔
واضح رہے کہ آج کراچی میں قائد آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ کیا تھا، افسوس نئے پاکستان میں مزدور اور غریبوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج مزدور اور غریبوں کا حق چھینا جا رہا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔