اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کہتے ہیں آؤ سیاست سکھاتا ہوں، ان کو کہنا چاہتا ہوں بلاول بھٹو کو سکھادو ہمیں معاف کردو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے دور میں امریکا سے ڈو مور کی خبریں آتی تھیں، عمران خان آئے تو امریکا کہتا ہے ہماری مدد کرو۔
مراد سعید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا قوم کے خلاف مک مکا ہے، آئی جی سندھ نے سپریم کورٹ میں رپورٹ دی، سید کلیم امام کہتے ہیں 12 ہزار اہلکار خود جرائم میں ملوث ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چور کی آوازیں وہ لگا رہے ہیں جن کا لیڈر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے، پاکستان کا ایک ایک روپیہ واپس لائیں گے روک سکتے ہو تو روک لو۔
انہوں نے کہا کہ تھر میں ایک سال میں 175 بچے غذائی قلت سے انتقال کرگئے، سندھ حکومت تھر میں غذائی قلت پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن عوام کے ایشوز پر اکٹھی ہوتی تو بات سمجھ میں آتی: مراد سعید
مراد سعید نے کہا کہ ان کے سامنے پاکستان ترقی کرے گا، روک سکو تو روک لو، ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ جاری رہا اور تقریر پر اپوزیشن نے بطور احتجاج ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس میں مراد سعید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جس نے کہا تھا گلیوں میں نہ گھسیٹا تو نام بدل دینا، آج دونوں ایک ساتھ ہیں، عوام کے ایشوز پر اکٹھے ہوتے تو بات سمجھ میں آتی۔