سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ کر خود ملنے والی قتل کی دھمکیوں پر نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔
مراد سعید نے خط میں لکھا کہ صدر مملکت جھوٹے مقدمات، بوگس کیسز، قتل کی دھمکیوں اور حکومت کی ملی بھگت کا نوٹس لیں، 15 سال سے سیاست میں ہوں، ایم این اے اور وفاقی وزیر رہا لیکن کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں، میرے خلاف اپریل 2022 کے بعد سے دہشتگردی سمیت متعدد جھوٹے کیسز کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ عمران خان کی غیر آئینی گرفتاری پر پارٹی نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی، پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی طرح میں نے پرامن احتجاج اور دھرنے کیلیے کہا، پارٹی گزشتہ 13 ماہ سے اس قسم کے احتجاج اور دھرنے دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو علم ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کہاں ہوتا ہے جیسا کہ لبرٹی لاہور، ہشتنگری پشاور اور نشاط چوک مینگورہ، 9 مئی کے بعد میرے اور ہمدروں کے خلاف عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کا مسلسل الزام لگایا جا رہا ہے۔
خط میں ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر بغاوت جیسے الزامات لگائے گئے، میرا مسلسل پیچھا کیا جا رہا ہے اور عدالتوں تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، صدر مملکت وفاقی حکومت کو اس قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہ دیں، امید ہے کہ آپ معاملے پر اپنا کردار ادا کریں گے اور مناسب اقدامات کریں گے۔