اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نواز شریف ذاتی کرپشن سے جیل میں ہیں، اس کا 28 مئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ 28 مئی کو ہمیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، نواز شریف 28 مئی کی وجہ سے جیل نہیں گئے۔
مراد سعید نے اپوزیشن جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اپنے دور میں کوئی ایسا اسپتال نہ بنا سکی جہاں خود نواز شریف کا علاج ہوتا، نواز شریف کرپشن کی وجہ سے آج جیل میں ہیں، 23 ہزار ارب روپے کا قرض بتایا جائے کیسے چڑھا؟
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو جن بحرانوں میں انھوں نے ڈالا تھا اب ان سے عمران خان نکالیں گے، جب ہم احتساب کی بات کرتے ہیں تو یہ شور شروع کر دیتے ہیں، اگر یہ سن سن کر تھک گئے ہیں تو ہم سہ سہ کر تھک چکے ہیں۔
خیال رہے کہ جب مراد سعید اسمبلی کے فورم پر تقریر کرنے لگے تو اس دوران ن لیگ کے ارکان نے شور شرابا اور نعرے لگانے شروع کر دیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے مل کر نمٹنا ہوگا، مقابلہ اس وقت ہوگا جب ہم لسانیت اور قومیت سے بالا ہو کر سوچیں گے۔
مراد سعید نے کہا کہ آپ جتنا شور کریں گے، میں اتنا اچھے انداز میں بولوں گا، آرام سے سنیں، آپ عہد کریں لسانیت کے بجائے پاکستانیت پر چلیں تو ترقی کریں گے۔