امریکا میں 8سالہ بچے کی موت کے بعد اس کی والدہ پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، عدالت نے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو جیل روانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
امریکی ریاست اوہائیو میں ایک لاپتہ لڑکے کی تلاش افسوسناک انجام پر ختم ہوئی جب اس کی لاش گزشتہ روز گھر کی چھت سے ملی اور اب اس کی والدہ پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچے کی ماں نے انہیں بتایا تھا کہ مارٹونیو گھر سے بھاگ گیا ہے، پولیس نے ڈرون اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچے کی تلاش جاری رکھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اس کے گھر کا سرچ وارنٹ حاصل کیا اور لاشندا وائلڈر کے 8 سالہ بیٹے مارٹونیو وائلڈر کی لاش کو اس کے کولمبس کے گھر کی چھت پر ایک کمرے سے کچرے کے تھیلے سے برآمد کیا۔
کولمبس پولیس کے مطابق ملزمہ لاشندا وائلڈر نے بچے کی تلاش کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی اور بعد ازاں گزشتہ شام اپنے دوست جوناہ لو اور دو دیگر بچوں کے ساتھ گھر سے فرار ہوگئی، تاہم، بچے بعد میں محفوظ حالت میں ایک خاندان کے رکن کے گھر سے ملے۔
مارٹونیو وائلڈر کے کیس میں لاشندا وائلڈر پیر کو فرینکلن کاؤنٹی میونسپل کورٹ میں ویڈیو کے ذریعے پیش ہونے والی تھی لیکن جیل کے ایک افسر کے مطابق وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئی۔
بعد ازاں دونوں ملزمان لاشندا وائلڈر اور جوناہ لوو نے اگلے روز خود کو پولیس کے حوالے کیا اور ان پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت تک لاشندا وائلڈر کو 20 لاکھ ڈالر کے بانڈ جبکہ اس کے ساتھی جوناہ لوو کو 50 ہزار ڈالر کے بانڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے جیل روانہ کردیا۔