میرٹھ : بھارت میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی مبینہ طور پر قتل کردی گئی، شوہر کی شکایت پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے لاش کو قبر سے نکالے جانے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے ضلع میرٹھ کی رہائشی شائنہ نے 17 مئی کو کریم نگر کے رہنے والے فرمان نامی لڑکے سے پسند کی شادی کی تھی اور اس کے ساتھ باقاعدہ قانونی طریقے سےنکاح کرلیا تھا۔
اس شادی سے ناراض لڑکی کے گھر والوں نے معاشرے میں بدنامی نہ ہونے کی وجہ سے لڑکی کو اپنے گھر سے رخصت کرنے کی بات کہہ کر اسے اپنے ساتھ واپس گھر لے آئے لیکن گزشتہ ہفتے اس کی موت کی خبر سے شوہر فرمان کو اس گھر والوں پر شبہ ہوا اور جب اس نے شائنہ کی موت کی وجہ جاننے کی کوشش کی تو اس کا قتل کرنے کی بات سامنے آئی۔
فرمان نے اپنی بیوی کے قاتلوں کو سزا دلانے کے لیے ان کے خلاف پولیس اور انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی جس کے بعد شائنہ کی لاش کو قبر سے نکالنے کا حکم جاری کیا گیا، پولیسکا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کے قاتلوں کا تعین کرکے ان کو گرفتار کیا جائے گا۔