کراچی : پنجاب سے روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والا نوجوان کراچی میں قتل کردیا گیا، مقتول کی لاش نیشنل ہائی وے ملیرندی سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر منڈی بہاءالدین سے روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والے نوجوان عمر مختار کو نامعلوم افراد نے کراچی میں قتل کردیا، نوجوان کی لاش گزشتہ روز شاہ لطيف تھانے کی حدود سے ملی۔
نوجوان کے قتل کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانے میں درج کرلیا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ منڈی بہاءالدین کا نوجوان عمر مختار پہلے حیدرآباد پھر کراچی کپڑا خریدنے آیا تھا۔
مقتول عمر مختار منڈی بہاءالدین کارہائشی ہے، مقدمے میں قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، والد کے مطابق بیٹا تعلیم مکمل کرنے کیلئے بیرون ملک جانے کی تیاری کررہا تھا، وہ کپڑے کا کام کرتا تھا، یہ کہہ کر گیا تھا حیدرآباد جارہا ہے پھرکراچی جائیگا۔
اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ 2مارچ کو عمر نے کراچی پہنچ کر مجھے بتایا کہ خیریت سے پہنچ گیا ہے، ہم نے بیٹے کو کپڑاخریدنے کیلئے ایک لاکھ 10ہزار روپے ٹرانسفر کیے۔
3مارچ کو تھانے سے پتا چلا کہ نیشنل ہائی وے ملیرندی سے اس کی لاش ملی ہے، مقتول کی جیب سے شناختی کارڈ اوردیگرچیزیں ملی ہیں۔
مقتول کے والد نے بتایا کہ میرے بیٹے کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔