سانحہ مری میں شہید ہونے والے اے ایس آئی نوید اقبال اور اہلخانہ کو تلہ گنگ کے گاؤں دودیال میں سپردخاک کیا گیا
مری میں ہونے والے المناک واقعے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، ان میں تلہ گنگ کے رہائشی اے ایس آئی نوید اقبال اور ان کے اہلخانہ بھی شامل تھے۔
اتوار کے روز تمام متوفیان کو گاؤں دودیال میں سپردخاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ میں صوبائی وزیر حافظ عماریاسر، طارق فضل چوہدری، دیگر سیاسی وسماجی شخصیات سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔
تدفین کے موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔
ادھر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اے ایس آئی نوید اقبال کے بھائی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
صدر علوی نے اہلخانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نویداقبال اور اہلخانہ کےجاں بحق ہونے کا سن کرشدید صدمہ پہنچا، دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں متاثرین اور لواحقین کے ساتھ ہیں۔