کراچی: ڈیفنس میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ملزم عاطف زمان کی جائیداد، زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کیس میں تفتیشی ذرائع نے عاطف زمان کی جائیداد اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات کا پتا لگا لیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق عاطف زمان کے پاس نیا ناظم آباد میں ایک پلاٹ ہے، نیشنل ہائی وے پر 2 ایکڑ کی زمین ہے، ملزم کی ملکیت میں 4 لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان کی ملکیت میں ڈیفنس میں 2 فلیٹ بھی ہیں، ایک فلیٹ میں مقتول مرید عباس اور ایک میں عاطف زمان رہتا تھا۔
مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس: عینی شاہد اور تفتیشی افسر کے حیران کن انکشافات
واضح رہے کہ چند روز قبل پولیس نے ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا تھا جس میں ملزم نے قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا تھا۔
ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ ملزم نے 5 افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ملزم نے کروڑوں روپے کی ہیر پھیر کی ہے، جب مکمل پھنس گیا تو قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے 5 لاکھ سے فراڈ شروع کیا جو کروڑوں تک پہنچا، لوگ پرافٹ کی لالچ میں جڑتے چلے گئے تھے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور انکے دوست خضر پر عاطف زمان نامی شخص نے فائرنگ کی تھی، فائرنگ سے خضر موقع پر ہی جاں بحق اور مرید عباس اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے تھے۔