مرید کے : بہادر سیکیورٹی گارڈ نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، ایک ڈاکو زخمی کر دیا، سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں سے مار بھی کھائی لیکن کچھ لوٹنے نہ دیا، ڈاکو خالی ہاتھ فرار ہوگئے، زخمی سیکیورٹی گارڈ اسپتال پہنچا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے مرید کے کی ایک دکان میں ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ آئے، برقع پوش سمیت چار لُٹیروں نے الیکٹرانکس شاپ کے عملے کو یرغمال بنالیا اور دکان لوٹنے کی کوشش کی۔
اس دوران دکان کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں کے ایک ساتھی کا ہاتھ زخمی ہوا۔
ڈاکوؤں نے کچھ لوٹنے کے بجائے گارڈ پر بری طرح تشدد کیا اور دکان سے کچھ لوٹنے کے بجائے جان بچانے کیلئے گارڈ کی بندوق لے کر فرار ہوگئے۔
ڈکیتی کے دوران دکان میں موجود خاتون بچے اور دیگر عملے نے میز کے پیچھے چھپ کر جان بچائی، ڈکیتی ناکام بنانے والے زخمی سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔