راولپنڈی: مری ایکسپریس وے پر ایک غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے سڑک کے لیے تباہی کا راستہ کھول لیا، لینڈ سلائیڈنگ کو روکنے کے لیے تعمیر کی گئی کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مری ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ روکنے کی کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑ دی گئی، غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے حفاظتی دیوار توڑ کر سوسائٹی کے لیے سڑک بنا لی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑنے سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بڑی عمارتیں اور رہائشی گھر بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں، گزشتہ ماہ بھی ایک حصہ منہدم ہوا تھا۔
لینڈ سلائیڈنگ سے ایک رہائشی مکان سے ملحقہ جانوروں کے دو کمرے منہدم ہو گئے تھے، مقامی افراد نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی سی، ڈی جی آر ڈی اے، این ایچ اے حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن میں موضع کوٹھہ کلاں میں ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کا دفتر سیل کر دیا ہے، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ، ٹھلیاں انٹرچینج، ٹیکسلا میں 9 غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز پنجاب ڈویلپمینٹ سٹیز ایکٹ 1976 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں، آپریشن آر ڈی اے کے انفورسمنٹ اسکواڈ نے کیا، ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری نہ کریں۔