کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 11 سو ارب روپے میں 802 ارب سندھ حکومت کے شامل ہیں، وفاق کم سے کم رقم دے رہا ہے، بڑی کاوش تو سندھ حکومت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھا ہے، خط میں وزیر اعظم کو کچھ گزارشات کچھ سفارشات پیش کی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشوں سے 25 لاکھ افراد متاثر ہوئے،سینکڑوں گاؤں اور 10 لاکھ ایکڑ زمین بارشوں سے متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فروری 2019 میں 162 ارب کا اعلان کیا تھا، کراچی صرف سندھ کا دارالخلافہ نہیں ملک کا معاشی مرکز ہے۔ کراچی اس لحاظ سے منفرد ہے کہ کسی ایک ادارے کے تحت نہیں، جب تک وفاق دلچپسی نہیں لے گا کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ میری حکومت نے خیر سگالی کے طور پر رنجشوں کو بھلا کر وفاق کے ساتھ بیٹھی، وفاق نے بھی کراچی کے معاملات پر سنجیدگی دکھائی اور ساتھ بیٹھے، بہت سے کام صرف کاغذوں پر نہیں تھے بلکہ نتائج کے مراحل پر آگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 19 سو ارب روپے کراچی میں لگے تو تقدیر بدل جائے گی، واضح کرنا چاہتا ہوں 11 سو ارب روپے میں 802 ارب سندھ حکومت کے شامل ہیں، وفاق کم سے کم رقم دے رہا ہے، بڑی کاوش تو سندھ حکومت کی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سالانہ 33 ارب روپے انویسٹ کرے گی، وفاقی حکومت باقی رقم پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت دے گی، 749.9 ارب روپے سندھ حکومت انویسٹ کرے گی، یہ انویسٹمنٹ شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کے تحت ہے۔