کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سنہ 2010 میں سندھ ریونیو بورڈ وجود میں آیا، سنہ 2011 میں ٹیکس 9 ارب تھا اور آج 105 ارب پر لے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 2 سال تحریک انصاف کی حکومت نے تباہی برپا کی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 10روپے کا ہوگیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کو پیکج دینے کا فروری 2019 میں کیا گیا وعدہ وفا نہیں ہوا، ان میں اخلاقی جرات نہیں ہے کہ اعتراف کریں۔ سی پیک کا وژن پیپلز پارٹی کا تھا، سی پیک کا معاہدہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس کلیکشن کم ہوا، حکومت نے ٹارگٹ سے ڈیڑھ کھرب کم ٹیکس اکٹھا کیا۔ سنہ 2018 میں ایف بی آر نے کل 3.84 کھرب روپے جمع کیے تھے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سنہ 2010 میں سندھ ریونیو بورڈ وجود میں آیا، سنہ 2011 میں ٹیکس 9 ارب تھا اور آج 105 ارب پر لے گئے ہیں، تمام مشکلات اور سازشوں کے باوجود 105 ارب پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پولیو کی بیماری ختم ہوچکی ہے، 1993 میں بے نظیر بھٹو کے دور میں انسداد پولیو ورکر کی اسٹرٹیجی لائی گئی، 2018 تک انسداد پولیو پر بہت کام ہوا۔