کراچی : میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تاجروں کےخلاف محاذکھول دیا اور کہا تاجروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا، پانی مافیا کے خلاف تھا ہوں اور رہوں گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نام لیے بغیر کہا گیا مرتضیٰ وہاب 3،3 ماہ دفتر نہیں آتے، مرتضیٰ وہاب کا کوئی کیمپ آفس نہیں جو لندن یامنصورہ سے آپریٹ ہوتا ہو۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تاجروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا، پانی مافیا کے خلاف تھا ہوں اور رہوں گا، سیالکوٹ کےبزنس مینوں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، سیالکوٹ کے تاجروں نے اپنے پیسوں سے ہوائی اڈہ اورائیرلائن بنالی اور ہمارے تاجروں سے سےٹیکس لینےجاؤتوالزام لگادیتےہیں سازشیں کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری جل گئی زبان نہیں کھلی، بھتے کی پرچیاں ملیں زبان نہیں کھلی، ہم پر الزام وہ لگا رہے ہیں جن کےدورمیں ملیرایکسپریس وے بنا ہی نہیں، ملک ہی نہیں چل رہا تھا، بڑی کوشش کے بعد ملک چلنا شروع ہوا۔
کراچی کے میئر کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج اچھی چل رہی ہے روپیہ مستحکم ہوگیا ہے، وفاق سے درخواست کروں گا، انٹرنیٹ میں رکاوٹ دور کرے، وسائل بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں، پبلک مقامات پبلک کی امانت ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایک وقت میں پبلک مقامات میں شادی ہال بنا دیے گئےتھے، کوشش ہے مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔