کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو فواد چوہدری سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں ہے، بلاول بھٹو پاکستان کا روشن چہرہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری حکومت کے ترجمان ہیں یا نیب کے ترجمان ہیں، ماضی میں الزامات لگانے والوں کو بھی منہ کی کھانا پڑی تھی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی قیادت پر الزام عائد کرکے فواد چوہدری کسے خوش کرنا چاہتے ہیں، دو کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دینے والے قرعہ اندازی کا سرکس لگائیں گے۔
مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آپ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتے تو عوامی مسائل کا ادراک بھی ہوتا، پی ٹی آئی عوام کو اپنی نااہلی کی سزا دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کے لیے اپنا ہی بینک خرید لیا، فواد چوہدری
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ماضی میں آصف زرداری اور شریف فیملی نے منی لانڈرنگ کی، شریف فیملی کی منی لانڈرنگ سے متعلق ثبوت سامنے آ رہے ہیں، اسحٰق ڈار کا کیس بھی سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا حمزہ شہباز منی لانڈرنگ پر کوئی جواب نہیں دے سکے، آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کے لیے اپنا ہی بینک خرید لیا، آصف زرداری نے کہا کسی اور کیا جمع کروائیں گے اپنا ہی بینک خرید لیتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی کی تحقیقات عوام نے دیکھی، ہمارے دور کی تحقیقات بھی دیکھ لیں گے۔ عوام کے سامنے ہوشربا انکشاف آئیں گے۔