اکثر لوگوں کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ لیٹ کر اٹھنے کے بعد یاحرکت کرتے ہوئے اچانک ہاتھ کی انگلی، ٹانگ، پیر یا جسم کا کوئی بھی حصہ اکڑ جاتا ہے جو بہت تکلیف کا باعث بنتا ہے۔
اس کیفیت کو مختلف زبانوں میں مختلف نام دیئے جاتے ہیں اکثر لوگ اسے ’نس کا نس پر چڑھنا‘ یا ’بائیں‘ آنا بھی کہتے ہیں اس کی بڑی وجہ پٹھوں کی کمزوری اور کھچاؤ ہے۔
پٹھوں کی کھچاؤ کا مسئلہ ہر اس شخص کو درپیش ہوگا جو کئی گھنٹوں تک مستقل کوئی کام کرے گا، وہ کام چاہے لیپ ٹاپ پر ہو یا کسی اور مشینری پر جب ہم کسی بھی چیز پر اپنی پوری توجہ مرکوز کردیتے ہیں یا نظر اور دماغ لگا کر کام کرتے ہیں تو ہم اس تکلیف میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
اس تکلیف سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم وہ طریقے اپنائیں جن کی مدد سے پٹھوں کی سوزش دور ہوں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر خالد جمیل اختر نے بتایا کہ پٹھوں کی کھچاؤ کی شکایت کیلشیئم کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ جس کے سبب پٹھوں میں اینٹھن یا اکڑ پیدا ہوجاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ س تکلیف سے بچنے کیلئے اپنی غذا میں ایسے پھل اور سبزیاں شامل کریں جو کیلشیئم سے بھرپور ہوں اور روازنہ ورزش کرنا بھی اپنا معمول بنالیں۔
زیادہ تر معاملات میں آپ ٹانگوں کے درد سے نمٹ سکتے ہیں، یہ شاید چند منٹوں میں کم ہوجائے گا۔ لیکن اگر یہ کیفیت اکثر ہوتی ہے اور بغیر کسی عام وجہ کے تو اپنے معالج سے ضرور رابطہ کریں۔