سری نگر: حریت پسند کشمیری رہنما مشال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال بدستور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون کشمیری رہنما مشال ملک نے آج بھارتی فوج کی جانب سے ضلع کلگام میں مزید 5 نوجوانوں کو شہید کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی ادارے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔
کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مظاہرین پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہے، آج پھر ظالم فورس نے پانچ کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
مشال ملک نے کہا کہ ظالم بھارتی فوج کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا، کشمیریوں کی شہادت پر قاضی گوند میں احتجاج جاری ہے، بھارتی فوج کی پیلٹ گنز سے 10 مظاہرین زخمی ہو چکے ہیں۔
بہادر خاتون حریت رہنما نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتلِ عام اور کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے، کشمیری شہدا کے جسدِ خاکی سڑکوں، گلیوں میں گھسیٹے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سری نگر: کلگام میں بھارتی فورسز کی فائرنگ، 5 کشمیری شہید
انھوں نے بھارتی مظالم پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج انسانیت کی تذلیل میں تمام حدیں پار کر چکی ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں، وہ اس صورتِ حال کا نوٹس کیوں نہیں لے رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آج قابض بھارتی فورسز نے کشمیر کے علاقے کلگام میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے مزید پانچ کشمیری جوانوں کو بے دردی سے شہید کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کیں، نوجوان کو شہید کرنے کے بعد جسدِ خاکی کو رسی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔