اتوار, اپریل 6, 2025
اشتہار

مشعال ملک کا اقوام متحدہ سے برما پر پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حریت رہنماء مشعال ملک نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سے برما پر سفارتی ،معاشی اور دفاعی پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن برما بھجوانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط لکھا گیا ، خط پاکستان میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن حکام کے حوالے کیا گیا ۔

خط کے مندرجات کے مطابق مشعال ملک نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما میں انسانی حقو ق کی پامالیاں اور انسانیت کے خلاف بدترین جرائم کا ارتکاب جاری ہے، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا جبکہ مسلمان آبادیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ برما کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، ہزاروں بچے غذائی قلت کا شکار ہو کر موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں جبکہ شیلٹر ،ادویات اور خوراک سے محروم دس لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے ۔

مشعال ملک نے خط میں کہا ہے کہ برما کی صورتحال دنیا کی فوری توجہ کی طالب ہے، بروقت توجہ نہ دینے پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ، مسلمانوں کے اغوا ء اور قتل عام میں برمی افواج براہ راست ملوث ہیں ۔

خط میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر برما کا دورہ کریں اور اس سے قبل قتل عام رکوانے اور قیام امن کے لئے آنگ سان سوچی اوربرما کے آرمی چیف سے براہ راست رابطہ کریں ۔

مشعال ملک نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ قیام امن کے لئے امن فوج بھجوانے سمیت قتل عام کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن برما بھجوائے اور اقوام متحدہ برما میں عالمی اداروں،میڈیا ،انسانی حقوق تنظیموں کی رسائی یقینی بنائے جبکہ برمی رہنماء آنگ سان سوچی کو ماضی میں دیا گیا نوبل امن انعام فوری طو رپر منسوخ کیا جائے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں