اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ (ن) سے نہ ہو لیکن چیئرمین سینیٹ ن لیگ جبکہ ڈپٹی چیئرمین اتحادیوں کا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نمبر گیم پوری ہونے کے باوجود رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ چاہتے ہیں، وہ اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کر رہے ہیں، ہم چیئرمین سینیٹ کے لیے رضا ربانی سے متعلق فیصلے کے منتظر ہیں۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی نامزدگی، پی پی اور پی ٹی آئی ایک نقطے پر متفق
انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی ہمارے مقابلے میں زکوٰۃ کی شرح سے ووٹ لے رہی ہے جبکہ ہمیں لگتا ہے کہ نواز شریف رضا ربانی سے متعلق اپنے فیصلے پر پہرہ دیں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف پر جوتے سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رہنماء مسلم لیگ (ن) مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر جوتا پھینکنے کے اقدام کی صرف مذمت کافی نہیں بلکہ قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے، نفرتوں کی چنگاریاں بجھانے کی ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے
خیال رہے کہ آج سابق وزیر اعظم نواز شریف جامعہ نعیمیہ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے ان کی جانب جوتا پھینکا جو انہیں جالگا۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمرن خان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔