کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے، پانامہ ایک سازش تھی، عمران خان کی شادی ان کا ذاتی مسئلہ ہے تاہم کسی کے گھر میں گھس کر ایسا کام نہیں ہونا چاہئیے تھا۔
ان خیالات کااظہار انہوں پیر کے روز کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مشاہد اللہ خان نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں جب ہماری حکومت آئی اس وقت سے نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں، چین کے صدر کا دورہ تک ملتوی کرایا گیا۔
کرپشن اور دہشت گردی عروج پر تھی، کراچی میں ایک ایک دن میں حکمرانوں کے ہاتھوں سو سو لوگ مارے جاتے تھے، بھتہ خوری سے لے کر ٹارگٹ کلنگ یہاں عروج پر تھی جس کا ہم نے خاتمہ کیا۔
دھرنے نہ ہوتے تو ملک ترقی کرتا
انہوں نے کہا کہ اگر یہ لوگ دھرنے نہ دیتے تو ملک مزید ترقی کرتا، کراچی کا کے فور منصوبہ آج مکمل ہو چکا ہوتا، کراچی کے ساتھ ظلم کا واویلا کرنے والوں نے خود اس شہر کے ساتھ ظلم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مسائل ہم نے حل کرلئے ہیں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا ہے جہاں حکومت نہیں تھی وہاں بھی مسائل کو حل کیا۔
انہوں نے آصف زرداری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے وزیروں کے گھروں سے اربوں روپے ملیں گے اور کروڑوں روپے کو آگ لگے گی تو لوگ کرپشن کرپشن تو بولیں گے۔
زرداری سے ہاتھ ملاتے ہوئے گھڑی اور انگوٹھی بچانی پڑتی ہے
سی پیک زرداری کے دور میں کیوں نہیں آیا ؟ دنیا نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے جبکہ آصف زرداری ٹین پرسنٹ مشہور ہیں ان سے ہاتھ ملاتے وقت اپنی گھڑی اورانگوٹھی کو بچانا پڑتا ہے۔
مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں مل کر نوازشریف کی مخالفت کرلیں مگر ملک کی مخالفت نہ کریں، مخالفت کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، میڈیا میں بھی کچھ کالی بھیڑیں ہیں جو کسی کے ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ کا راگ الاپا گیا وہاں کے کاغذات میں امریکیوں کے علاوہ سب کے نام ہیں یہ ایک سازش ہے۔ نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شادی کرنا کوئی غلط بات نہیں، تاہم اسے چھپانا جائز نہیں ہے، عمران خان چاہتا ہے کہ میں خبروں رہوں۔
عمران خان سنی لیون کی طرح خبروں میں رہنا چاہتے ہیں
یہ کونسا طریقہ ہے کہ آپ کہتے ہیں کہ میں نیا پاکستان اس لئے بناؤں گا کہ میں شادی کرلوں، وہ سنی لیون کی طرح ہر وقت خبروں میں رہنا چاہتے ہیں تاہم کسی کے گھر میں گھس کر ایسا کام نہیں ہونا چاہئے تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری حکومت گری تو دیکھیں گے ابھی گری نہیں ہے، حقیقی کو ڈبل کردیں تو پی ایس پی بن جاتی ہے، نواز شریف سے لڑنا ہے تو سیاسی میدان میں لڑنا ہوگا۔