لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ مستقبل میں سرفرازاحمد اور شعیب ملک ناکام ہوئے، تو پوری ٹیم ناکام ہوجائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’سوال یہ ہے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد نے ایمان داری کی ساتھ خامیوں کی نشان دہی کی.
سابق لیگ اسپینر کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم میں اعتماد کا فقدان ہے، سری لنکن ٹیم بھی نئےکھلاڑیوں کی وجہ سے زیادہ میچز ہار رہی ہے.
مشتاق احمد نے کہا کہ میچ ہارنے پرکسی کو بٹھادیا جائے، تو کھلاڑیوں کو نکالےجانے کا خوف ہوتا ہے، قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو تھوڑا وقت لگے گا.
مزید پڑھیں: قومی ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی: سرفراز احمد
ان کا کہنا ہے کہ بیٹسمین اچھی بیٹنگ نہ کرے، تو اچھی فیلڈنگ کے لئے اس کا اعتماد بڑھانا ہوتا ہے، پاکستان کی عوام جلدی ہیروبنا دیتی ہے اور ہارنے پر تنقید بھی ہوتی ہے.
مشتاق احمد نے کہا کہ میچ ہارنے کی وجہ سے مورال ڈاؤن ہونا شروع ہوجاتا ہے، شعیب ملک کی سوچ بہت اچھی ہے ، وہ نوجوان کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلتا ہے.
انھوں نے کہا کہ کوچ کو بھی کپتان کو بتانا ہوتا ہے کہ دباؤ میں نہ آئیں، سرفرازاحمد اور شعیب ملک ناکام ہوئے تو پوری ٹیم ناکام ہوجائے گی.