ٹی 20 ورلڈ کپ سے بھارتی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے ویرات کوہلی کی ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی پیش گوئی کردی۔
قومی ٹیم کے سابق بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے کہا کہ بھارتی ٹیم آئی پی ایل کی وجہ سے کئی مہینوں بائیو سیکیور ببل میں رہی اور اس ہی کی وجہ سے ان کا نقصان ہوا جو ان کی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیزیں تو اسی وقت بدل گئی تھیں جب ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ہی کوہلی نے اعلان کیا تھا کہ بطور کپتان یہ ان کا آخری ٹی 20 سیریز ہوگی جبکہ بی سی سی آئی نے اس دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سچ نہیں ہے لیکن بعد میں ویرات کوہلی نے خود تصدیق کی تھی کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دیں گے۔
سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ جب کوئی کرکٹر کہتا ہے کہ وہ کپتانی چھوڑ دے گا تو اس کا مطلب ہے کہ ڈریسنگ روم میں کچھ گڑ بڑ ہے، ایک کھلاڑی کے طور پر میں بتا سکتا ہوں کہ کوہلی کے ساتھی کھلاڑیوں سے اچھے تعلقات نہیں تھے، ہوسکتا ہے کہ وہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لیں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ آپ بھارتی کرکٹ ٹیم میں واضح طور پر دو گروپوں کو دیکھ سکتے ہیں، ایک ممبئی گروپ اور دوسرا دہلی گروپ ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہوئی بھارتی ٹیم نے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا اختتام جیت پر کیا۔