جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

جدہ کا میوزک میوزیم

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں موسیقی کا میوزیم قائم کیا جائے گا، یہ میوزیم سعودی عرب کے معروف فنکار طارق عبد الحکیم کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر ہوگا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ثقافت جدہ میں معروف فنکار طارق عبد الحکیم کے نام سے میوزک میوزیم قائم کرے گی، یہ سعودی عرب میں آرٹ کی تاریخ میں مرحوم فنکار کے کردار اور سعودی موسیقی کی تاریخ کو مالا مال کرنے والے نوادرات پر مشتمل ہوگا۔

عجائب گھر کا افتتاح 2022 کے اواخر میں ہوگا، یہ جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں مرحوم کے گھر میں قائم کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یونیسکو سنہ 2014 میں البلد کے تاریخی علاقے کو بین الاقوامی ورثے کی فہرست میں شامل کرچکا ہے۔

- Advertisement -

طارق عبد الحکیم عجائب گھر میں سعودی فنکار کے زیر استعمال موسیقی کے آلات، تصاویر کے البم اور ریکارڈنگ کے آلات سجائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ام کلثوم اور عبد الوہاب جیسے مشہور زمانہ عرب گلوکاروں کے میوزک کے نمونے بھی رکھے جائیں گے۔

عجائب گھر کے 2 بڑے حصے ہوں گے، ایک حصے میں ان کی ذاتی تاریخ اجاگر کی جائے گی جبکہ دوسرا حصہ میوزک ریسرچ سینٹر پر مشتمل ہوگا۔

اس میں سعودی میوزک سے متعلق مضامین اور تحریریں پیش کی جائیں گی، عالم عرب کی موسیقی پر تحقیقی کتابیں ہوں گی جبکہ موسیقی کے سکالرز کو میوزک سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی کتابیں بھی رکھی جائیں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں