پیر, فروری 24, 2025
اشتہار

کارکردگی دکھاؤ ورنہ نوکری چھوڑ دو، ایلون مسک کا سرکاری ملازمین کو حکم

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا میں وفاقی سرکاری ملازمین کو ایلون مسک کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں یا استعفا دے کر گھر چلے جائیں۔

یہ ای میل ٹرمپ انتظامیہ میں ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی کے سربراہ ایلون مسک کی جانب کی سے بھیجی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ اِی میل پر بتائیں کہ پورے ہفتے دفتر میں کیا کام کیا ہے؟

جواب نہ دینے والے کو مستعفی سمجھا جائے گا، صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو نئے محکمے ڈوج کا سربراہ بنایا ہے، جو وفاقی ملازمین کی کارکردگی جانچنے اور اخراجات بچانے کیلئے کام کرے گا۔

ایلون مسک کی جانب سے بھیجی گئی میل میں ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خفیہ معلومات کو چھوڑ کر گزشتہ ہفتے میں انہوں نے جو کچھ کیا ہے، اس کا 5 بلٹ پوائنٹس کے ساتھ جواب دیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ملازمین کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنے جوابات او ایم بی ای میل ایڈریس اور اپنے سپروائزر کو بھیجیں۔

مسک کا یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر دیے گئے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے DOGE سے کہا تھا کہ وہ 23 لاکھ سے زائد وفاقی ملازمین پر مشتمل سرکاری نظام کو مزید سختی سے کم کرنے اور اس کی شکل تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی ملازمین کے نام ایلون مسک کی ای میل کا جواب دینے کی آخری تاریخ پیر کی نصف شب تک ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کم از کم امریکا کی 2 ایجنسیوں نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ ایلون مسک کی اس درخواست کو نظر انداز کریں اور کوئی جواب نہ دیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ بات واضح نہیں ہے کہ ایلون مسک کے پاس ایسا کون سا قانونی اختیار ہے جس کے تحت وہ سرکاری ملازمین کو جواب نہ دینے پر برطرف کر سکتے ہیں اور ان ملازمین کا کیا ہوگا جو خفیہ نوعیت کے کام کی تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں