شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مسکان جنید کا کہنا ہے کہ سینئر اداکارہ نے گاڑی میں بٹھانے سے انکار کردیا تھا۔
اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ مسکان جنید نے شرکت کی اور شوبز انڈسٹری سمیت نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
میزبان نے پوچھا کہ کبھی سیٹ پر غصہ آیا ہے۔
مسکان نے کہا کہ انڈسٹری میں آئے دو سال ہی ہوئے ہیں ایک مرتبہ شروع میں سینئر اداکارہ روڈ پر چھوڑ کر چلی گئی تھیں اور کہنے لگیں کہ اس لڑکی کو گاڑی میں کیوں بٹھا رہے ہو۔
اداکارہ نے بتایا کہ ڈرائیور رک کر میرا انتظار کررہا تھا لیکن انہوں نے مجھے گاڑی میں بیٹھنے ہی نہیں دیا پھر میں نے کال کی تو مجھے دوسری گاڑی بھیجی گئی۔
مسکان جنید نے کہا کہ جب دوسری گاڑی بھیجی گئی تو اس پر بھی انہیں مسئلہ تھا کہ میری بات نہیں سنی گئی اور پھر بھی بچی کو بیٹھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ میں کافی مایوس ہوگئی تھی پھر واپسی میں بھی انہوں نے یہی کیا تھا اور آدھے راستے میں کہنے لگیں کہ یہیں اتر جاؤ جو بھی کرنا ہے خود ہی کرلینا۔
شادی کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ابھی کام پر فوکس ہے لہٰذا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، والدہ کی طرف سے شادی کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے لیکن میں انکار کردیتی ہوں۔
مسکان نے کہا کہ سادہ اور ٹھنڈے مزاج کے لڑکے سے شادی کروں گی، میں غصہ زیادہ کرتی ہوں اس لیے جیون ساتھی ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ مسکان جنید نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’اے دل‘ میں اذان سمیع خان کی بہن آنیا کا کردار نبھایا ہے۔