کراچی: مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارٹی کے ذریعے رکنیت حاصل کرنے والے سینئر رہنما جام مدد علی نے مسلم لیگ چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان کردیا۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنی پارٹی اور نشست چھوڑنے کا بھی اعلان کردیا، وہ جلد اپنا استعفیٰ اسپییکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو پیش کردیں گے، استعفیٰ کی منظوری کے بعد ان کی رکن اسمبلی کی نشست خالی ہوجائے گی۔
اسپیکر نشست خالی ہوتے ہی الیکشن کمیشن کو خالی نشست پر ضمنی انتخاب کی درخواست ارسال کریں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرتے ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ کا بھی اعلان کرے گا۔
امکان ہے کہ جام مدد علی اپنی خالی ہونے والی نشست پر ہی دوبارہ انتخاب لڑیں گے تاہم اس بار وہ فنکشنل لیگ نہیں پیپلز پارٹی کےجھنڈے تلے یہ انتخاب لڑیں گے۔