کراچی : مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی بنادی گئی، خصوصی ٹیم کیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد کی زیر صدارت اہم اجلاس کے بعد ایڈشنل آئی جی کراچی نے 6 رکنی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
جس کی سرابراہی ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کریں گے، ٹیم میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر، ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر ، ایس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ علینہ راچپر سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔
خصوصی تحقیقاتی ٹیم کیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کرے گی، ساتھ ہی گرفتار ملزم اور اس کے سنڈیکیٹ کی مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی کرے گی۔
اغوا اور قتل میں مدد فراہم کرنے والے مزید عناصر کی نشاندہی کرکے ان کو گرفتار کیا جائے گا جبکہ منشیات کی سپلائی کے سنڈیکیٹ کے آپریٹرز کی نشاندہی کرکے منشیات سپلائی کے ریکٹ کی بھی گرفتاری کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : مصطفی عامر قتل کیس : وزیراعلی سندھ کے اہم احکامات جاری
خصوصی ٹیم کو تفتیش تمام قانونی تقاضوں کے ساتھ بغیر کسی کوتاہی کے مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کراچی رینج کے کسی بھی افسر کی مدد لے سکتی ہے، تحقیقات کے بعد ڈی آئی جی سی آئی اے 3 مارچ کو کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں گے۔
اس کیس میں کمیٹی میں حیرت انگیز طور پر کورنگی اور کیماڑی کے جن تفتیشی افسران کو شامل کیا گیا ہے ، ماضی میں ان کی کوئی کارکردگی نہیں رہی اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ چار رکنی ٹیم ہے، جو اس کیس پر بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔
وزیراعلی سندھ نے کیس میں بلاتفریق کارروائیوں کی ہدایت دی ہے تو تحقیقاتی ٹیم ایسے عناصر کو بھی تفتیش کے دائرے میں لائے گی جنہیں دیکھ کر لگے کا کہ واقعی یہ ٹیم بغیر کسی دباو میں کام کر رہی ہے۔