پیر, مارچ 3, 2025
اشتہار

مصطفیٰ عامر کے قتل کا واحد چشم دید گواہ ہوں، مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ملزم شیراز

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: مصطفیٰ عامر اغوا، قتل کیس کی آج جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں ملزم شیراز نے بتایا کہ اعترافی بیان کے لیے اس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

کراچی میں مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، ملزم شیراز کو دفعہ 164 کے تحت اعترافی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزم کو بیان دینے سے قبل سوچنے کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دیا اور ریمارکس دیے کہ یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے، آپ اچھی طرح سوچ لیں۔

ملزم شیراز نے عدالت میں کہا کہ اس پر اعترافی بیان کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اس سے کہا گیا ہے کہ اعتراف کرو گے توکم سزا ملے گی، ملزم نے کہا میں وقوعے کے وقت بے بس تھا، مجھے اس کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔ مجسٹریٹ نے کہا کہ ملزم کے اس بیان پر تفتیشی افسر کی جانب سے اعترافی بیان کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

مصطفیٰ عامر قتل کیس : ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا

عدالت نے کہا ملزم کا کہنا ہے کہ وہ گواہ ہے اس کے سامنے ارمغان نے مصطفیٰ عامر کو قتل کیا، ملزم نے بتایا کہ وہ بے بس اور لاچار تھا اس لیے کچھ نہیں کر سکا، اور اس نے آج تک جو پولیس کو بتایا وہ گواہ بن کر بتایا تھا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم شیراز کا آج کا بیان ہمارے حق میں گیا ہے، اس نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے سامنے قتل ہوا۔ ملزم شیراز نے کہا کہ میں ملزم نہیں چشم دید گواہ ہوں، میں واحد چشم دید گواہ ہوں جس کے سامنے ارمغان نے مصطفی کو قتل کیا، ارمغان نے لوہے کے راڈ سے مارا پھر گن پوائنٹ پر بلوچستان لے کر گیا، اور گاڑی سمیت مصطفیٰ عامر کو جلا دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں