کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مصطفیٰ عامر کے قتل کیس کے ملزم ارمغان کے ریمانڈ کی چاروں درخواستیں منظور کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور حکم جاری کیا کہ ملزم ارمغان کو ریمانڈ کے لیے اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ملزم امغان کو اغوا، قتل، دہشت گردی سمیت دیگر جرائم میں اے ٹی سی ٹو کے جج کے سامنے پیش کیا جائے گا، اور ملزم کو آج ہی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں انسداد دہشتگری عدالت کا 10 فروری کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔
مصطفی عامر قتل کیس : ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پڑھ کر سنائی اور کہا ملزم سے مغوی کا ایک موبائل فون ملا تھا، ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف پہلے بھی 5 مقدمات ہیں، ملزم پہلے بھی بوٹ بیسن کے بھتے کے ایک کیس میں مفرور تھا، جج نے سوال کیا ٹرائل کورٹ نے کس وجہ سے جسمانی ریمانڈ سے انکار کیا ہے؟ تو سرکاری وکیل نے بتایا کہ کوئی وجہ نہیں ہے۔