جمعہ, جون 28, 2024
اشتہار

مصطفیٰ کمال کا نواز شریف، آصف زرداری اور بانی پی ٹی آئی سے اپنے محلات عطیہ کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی مصطفیٰ کمال نے نوازشریف سے رائیونڈ محل، آصف زرداری سے بلاول ہاؤس ،بانی پی ٹی آئی سے بنی گالہ عطیہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی مصطفیٰ کمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 70سالوں سےبجٹ پیش کرنےوالےتعریف،اپوزیشن مخالفت کرتی ہے، ہمارےاس رویےسےملک کاکوئی فائدہ نہیں ہوا۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ اوراپوزیشن لیڈرکی تقریرسنی، نان ٹیکس ریونیو 4 ہزارارب جمع کرنے کا کہا گیا، پاکستان پر78ہزار942ارب کاقرضہ ہے، عام تاثرہےسارہ پیسہ آئی ایم ایف دیتا ہے جبکہ ایسا نہیں ہے صرف 18فیصدپیسہ آئی ایم ایف ودیگرکاہے.

- Advertisement -

انھوں نے بتایا کہ بجٹ کے مطابق ایف بی آر13ہزارارب ٹیکس اکٹھاکرےگا، 10ہزارارب روپے سود کی مد میں ادا کریں گے، جو ریونیو کا 51 فیصد بنتا ہے اور 7ہزار303ارب روپےلوکل بینکوں کودیےجائیں گے۔

بجلی کمپنیوں سے معاہدے پر رکن اسمبلی نے کہا کہ پاورسیکٹر میں71 فیصد کیپسٹی چارجز ادا کر رہے ہیں، گزشتہ ادوار میں بجلی کیلئے معاہدے کیے گئے، 1700ارب روپے بجلی کمپنیوں کوادا کیے جائیں گے، بجلی کمپنیوں سے معاہدے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

انھوں نے زور دیا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی فیصلوں کی ضرورت ہے اور پاکستان کی معیشت کا ٹیومر ختم کرنےکیلئےسرجری کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے اپنی جماعت کی جانب سے معاشی ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل ایمرجنسی کی ابتداپارلیمنٹ سےہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 78 ہزارارب روپےعوام سےمانگے جارہے ہیں، نوازشریف،آصف زرداری و دیگر لیڈرز اس میں پہل کریں ، کیا ہی بہتر ہو ہم سب ملکر ایک ہزار ارب روپے اپنی جیبوں سے جمع کرائیں۔

مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف رائے ونڈ کا محل ، بانی پی ٹی آئی بنی گالہ اور آصف زرداری بلاول ہاؤس پاکستان کوعطیہ کردیں جبکہ تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، وزرا اور سینیٹرز 25 فیصد جائیداد پاکستان کو عطیہ کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایک ہزار ارب جمع کردیا تو عوام 78 ہزار ارب اپنے پیٹ کاٹ کر جمع کرائیں گے، جائیدادوں سے 25 فیصد دیدیں کوئی غریب نہیں ہوگا۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو پینا ڈول سے ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملکی معیشت کا علاج پینا ڈول سے نہیں سرجری سے ممکن ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام ہر مشکل کے موقع پر قربانی دیتے ہیں، عوام اب بھی ملک کیلئے قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں، ملک چلانے والوں کی وجہ سے ملک پر قرضہ چڑھا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے مشورہ دیا کہ حکومت نےرواں سال لوکل بینکوں کو قرض و سود کی مد میں7ہزار ارب واپس کرنے ہیں، حکومت معاشی ایمرجنسی لگا کر لوکل بینکوں کو ادائیگیاں کرے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں