ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

مصطفیٰ کمال نے ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ آصف زرداری کو دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کراچی میں ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ آصف زرداری کو دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے شہر قائد میں ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ آصف زرداری کے کھاتے میں ڈال دیا، ان کا کہنا تھا کہ 36 ماہ آصف زرداری کے ساتھ کام کر چکا ہوں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے ایک شہری کے استفسار پر یہ جواب دیا، انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف 2008 میں چلے گئے تھے، میں نے اس کے بعد آصف زرداری کے ساتھ چھتیس ماہ کام کیا۔ شہری نے پوچھا کہ 2 یا 3 انڈر پاس بننے سے کیا پاکستان ترقی کرے گا؟ شہر میں آپ نے کوئی کام نہیں کیا، سب مشرف نے کرایا۔ مصطفیٰ کمال نے جواب میں سرزنش کرتے ہوئے کہا 70 فی صد زمانہ زرداری کا تھا، ذہن پر زور دو، یاد کرو۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم والے حکومت سے باہر نہیں رہ سکتے، ان کی کرپشن کی سانسیں حکومت کے ساتھ جڑی ہیں، جب یہ حکومت سے باہر آئیں گے سب گرفتار ہو جائیں گے، خالد مقبول کے ساتھ عامر خان نے اچھا نہیں کیا، عامر خان نے اپنے گروپ کے ساتھ خالد مقبول کو استعفے کے لیے مجبور کیا، وہ حقیقی سے آنے والے امین الحق کو وزیر بنانا چاہتے ہیں، حکومت کے خلاف جانا تھا تو ایم کیو ایم کے دونوں وزرا استعفیٰ دیتے۔ 2 لوگوں کو وزارت دلوانے کے لیے خالد مقبول پر دباؤ ڈال دیا گیا ہے، خالد مقبول ہی ایم کیو ایم سے آخری بچ گئے تھے انھیں بھی سائیڈ کر دیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان اب ایم کیو ایم حقیقی بن گئی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا ایم کیو ایم والے حکومت نہیں چھوڑیں گے یہ سب ڈراما ہے، کراچی اور حیدرآباد والوں کے نام پر سیاست ہو رہی ہے، میں خدمت خلق فاؤنڈیشن سے لے کر تمام کچے چٹھے کھولوں گا، حکومت سے گزارش ہے ان کی دھمکیوں میں نہ آئے، وزیر اعظم پنجاب اور کے پی کا بلدیاتی نظام یہاں بھی لائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں