کراچی: شہر قائد کی سیاست میں تبدیلی کے آثار پیدا ہو گئے ہیں، پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے، ان کے ساتھ انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔
مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کراچی کی بہتری، ترقی اور استحکام کے لیے ساتھ چلنے اور مل کر کام کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل صوبے میں گیس کی بڑھتی لوڈ شیڈنگ اور گھریلو صارفین کو مشکلات کے سلسلے میں گورنر سندھ نے ایم ڈی سوئی گیس کو گورنر ہاؤس طلب کر کے ملاقات کی تھی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیر کے سامنے کمپنی کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
ایم ڈی نے اپنی مجبوریاں بتائیں جنھیں گورنر سندھ نے مسترد کرتے ہوئے سوئی سدرن کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ وہ وفاقی وزیر مصدق ملک اور دیگر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔