کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سیاست کا کوئی شوق نہیں مگر عوام کے خاطر دبئی کی پرآسائش زندگی کو ٹھکرا کر پاکستان واپس آیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کو چلینج کیا، حکومت سندھ نے معصوم بچوں اور خواتین پر شیلنگ کر کے ہمیں کامیاب کردیا۔
اے آر وائی کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار عوامی ایشوز پر سیاست ہورہی ہے جو بہت اچھی بات ہے، ہم نے عوامی مسائل کو حل کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی سندھ کی آدھی آبادی سے زیادہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کے فور منصوبے پر عملدرآمد آج سے شروع کیا جائے، اگلے انتخابات میں کراچی سے کون کامیاب ہوگا یہ کہنا قبل ازوقت ہے تاہم الیکشن سے قبل کسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: ’’ وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش، مصطفیٰ کمال اور مرکزی قیادت گرفتار ‘‘
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور انہوں نے خود برطانوی حکومت کو تمام تر معاہدے پیش کردیے تھے، منی لانڈرنگ کیس حکومت کے لیے ٹیسٹ کیس تھا مگر حکمرانوں نے اُس میں کوئی سنجیدگی ظاہر نہیں کی، بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو بند کروانے کے لیے بھارتی حکومت نے برطانیہ پر زور دیا۔
عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لندن میں ہونے والے قتل کا مقدمہ سب کے سامنے ہے، سب جانتے ہیں کہ عمران فاروق کو کس نے قتل کروایا بلکہ قتل میں ملوث قاتل بھی حکومتی گرفت میں ہیں، حکومت کے پاس بانی ایم کیو ایم کے خلاف تمام شواہد موجود ہیں مگر ہمارے حکمران اُس شخص سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج ‘‘
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ کوشش سے پہلے ناکام ہوتا تو ہمیشہ افسوس رہتا تاہم حکومت نے بچوں اور خواتین پر شیلنگ کر کے ہمیں کامیاب کردیا جو ہماری کامیابی کی غمازی ہے۔