کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی پر پیسہ لگایا جائے تو آئی ایم ایف جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے، شہر قائد ملک کا انجن، ریونیو حب ہے، یہ شہر ملک کو امیر بناسکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی خون کے آنسو رورہا ہے، معاشی تباہ حالی آئی ہوئی ہے، حکومت کراچی کی حالت زار پر رحم کرے، بہت سے تاجر اپنا کام بند کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے کہتا ہوں کہ تاجروں کو سپورٹ کرے، تاجر برادری کمائے گی تو ملک ترقی کرے گا۔
مزید پڑھیں: تین سال میں ایک روپے فیس لے کر کے فور منصوبہ مکمل کرسکتا ہوں، مصطفیٰ کمال کی پیش کش
واضح رہے کہ اس سے قبل مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میں تین سال میں کے فور منصوبہ مکمل کرسکتا ہوں، حکومت موقع دے کراچی والوں کے لیے صرف ایک روپے میں کام کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں نے بجٹ منظور کرایا اور صرف وزارت کی بات کی جبکہ وہ وفاقی حکومت سے کے فور منصوبے کے پیسے بھی مانگ سکتے تھے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوتے جارہے ہیں اور قافلہ بڑھ رہا ہے، پی ایس پی میں لوگوں کی شمولیت کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، روزانہ ایک پریس کانفرنس کرسکتا ہوں، پہلے جب شمولیتیں ہوتی تھی تو زبردستی کا الزام لگایا جاتا تھا۔