لاہور: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ میرا ماضی صاف ہے، میں نے 300 ارب روپے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، کوئی مجھ پر ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں، 45 لاکھ لوگ سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج کوئی شریف آدمی سیاست نہیں کر سکتا، شریف آدمی کے پاس بڑی بڑی لینڈ کروزر نہیں ہیں۔ حکمرانوں کو برا بھلا کہنے کے بجائے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ اہم نشستوں پر کردار والے لوگ نہیں بیٹھے۔ سینیٹ کی کرسی کو چھوڑ کر چلا گیا تھا، میرا ماضی صاف ہے۔ 300 ارب روپے میں نے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، کوئی مجھ پر ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں دونوں پارٹیاں ناکام ہوگئی ہیں، کوئی سندھ کارڈ تو کوئی مہاجر کارڈ استعمال کرتا ہے۔ سندھ کے عوام باشعور ہیں وہ سب سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بانی ایم کیو ایم سے متعلق معلومات رکھنا چھوڑ دی ہیں، مجھے بہت سے کام ہیں، کوئی فنی کلپ کے طور پر بھیجتا ہے تو دیکھ لیتا ہوں۔