کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بوہری برادری کے روحانی پیشوا سے ملاقات اوردعائیں لینے آیا تھا، بانی ایم کیوایم ایسا شیطان ہے جو زندہ رہ کر لوگوں کا خون پیئے گا، 2018میں ایم کیوایم پاکستان کوسیاسی طورپردفن کردینگے۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال بوہری برادری کے روحانی پیشوا سے ملاقات کیلئے انکے رہائش گاہ پہنچے اور مفضل سیف الدین سے ملاقات کی، انیس قائمخانی اور وسیم آفتاب بھی مصطفی کمال کے ساتھ موجود تھے۔
ملاقات کے بعد مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بوہری برادری کے روحانی پیشوا سے ملاقات اوردعائیں لینے آیا تھا، بانی ایم کیوایم پراب کسی مقدمےکی ضرورت باقی نہیں رہی، بانی ایم کیوایم ایسا شیطان ہے جو زندہ رہ کر لوگوں کا خون پیئے گا، ایم کیوایم پاکستان بنا کر بانی ایم کیوایم کو زندگی دی گئی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم مہاجروں کےلئےبدنماداغ بن گئےہیں، 2018 میں ایم کیوایم پاکستان کوسیاسی طور پر دفن کردینگے، سب سے زیادہ جمہوریت کو نقصان کل کے دن سے پہنچے گا، جمہوریت کاپھل لوگوں کونہیں ملا۔
مزید پڑھیں : مقتول کارکنوں کا بدلہ قائد ایم کیوایم سے لے کر رہوں گا، مصطفیٰ کمال
سربراہ پی ایس پی نے مزید کہا کہ سسٹم اتنا خراب ہوچکا ہے اسے نئے سرے سےدرست کرنے کی ضرورت ہے، ان کے پاس جو مینڈیٹ ہے، وہ بانی ایم کیوایم کامینڈیٹ ہے، کے ایم سی کے7ہزاربزرگوں کو4سال سے پنشن نہیں ملی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اپنے مقتول کارکنوں کا بدلہ قائد ایم کیوایم سے لے کر رہوں گا، مہاجروں نے 30 سالوں میں ہزاروں بچےقربان کرائے، اب کراچی میں خون بہانے والے نہیں بچیں گے۔