کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سب کان کھول کر سن لیں کراچی نہ تو لاوارث ہے اور نہ ہی کوئی مفتوحہ علاقہ ہے، پی ایس پی سندھ کے شہری علاقوں سے کلین سوئپ کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے تین اراکین اسمبلی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا، ان اراکین میں رکن قومی اسمبلی محبوب عالم ،رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالد اور محمد کامران شامل ہیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان میں جوحالات چل رہے ہیں کوئی نظریاتی شخص وہاں نہیں رہ سکتا، ایم کیوایم پاکستان سے سب لوگ پی ایس پی میں شامل ہونگے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کو ایساشہر بنائیں گے جس میں کوئی بھی جرم کرنے سے پہلے دو ہزار دفعہ سوچے گا، آج پی ایس پی میں ہرزبان اور ہرمذہب سے تعلق رکھنے والاشخص موجود ہے،کراچی میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ اردو کمیونٹی کو ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں صاف پانی ،نوجوانوں کی گرفتاریوں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پارک اجڑنے کی بات کسی نے نہیں کی، ہم نے مسائل کے حل کیلئے دھرنا دیا اور ریلی نکالی کراچی کی بھلائی کےلیے16نکات دیئے، جس پر ہمارے مخالف میئر نے بھی ہمارے8نکات سے اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ سب کان کھول کرسن لیں کراچی لاوارث نہیں ہے، شہر کراچی کی بھلائی کا کام ہمارے ہی ہاتھوں سے ہی ہوگا، خوابوں میں چھیچھڑے دیکھنا بند کردیں، کراچی کوئی مفتوحہ علاقہ نہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ بند کمروں میں میرے سوالوں کا جواب فاروق ستارسمیت کوئی نہیں دے پایا، کیمرے لگا کرسب کے سامنے میری باتوں کا جواب دے دیں، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
بانی متحدہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہرنماز کے بعد دعا کرتا ہوں اللہ بانی ایم کیوایم کو موت سے پہلے ہدایت دے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محبوب عالم کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کو کہتا ہوں کہ آج ان کا مشن کامیاب ہوگیا، ان کاوژن درست سمت میں ہے، اسی لیےساری قوموں کےلوگ آرہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کومایوس نہیں کروں گا، اکیلےاپنے بھائیوں کی جنگ لڑتا رہا، پی آئی بی اور بہادرآباد والے اب ہوش کے ناخن لیں، اپنےدوستوں سے کہتا ہوں کہ کہیں جانے کی ضرورت نہیں، پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہوجائیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔