منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

میری شناخت پی ایس پی سے ہی رہے گی، مصطفیٰ کمال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اب بھی میری شناخت پی ایس پی سے ہی رہے گی، ہماری ملاقاتوں یا اتحاد سے بانی ایم کیوایم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب ہم واپس آئے اس وقت سچ بولنے کی سخت سزا تھی، جب پہلی پریس کانفرنس کی اس کے بعد خدشہ تھا کہ مارا جاؤں گا، ہم نے نوجوانوں کے دل و دماغ پر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے اتحاد سے متعلق صورتحال واضح ہوجائے گی، ہماری ملاقاتوں یا اتحاد سے بانی ایم کیوایم کا کوئی تعلق نہیں ہے، سوشل میڈیا پر بیانات دیکھ لیں وہ ہمیں غدار کہہ رہے ہیں، ان سے رابطے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔

پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم بھی سیاست کررہے ہیں کسی کے مینڈیٹ کو نہیں توڑ رہے، ہم بھی اپنی سوچ رکھتےہیں، ترجیحات بدلی ہیں ہم بھی سیاست کا حق رکھتے ہیں، حالات بدلے ہیں اس لیے ہم نے بھی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے15سال میں لوگوں کو ڈرا دیا، سندھ کا بیڑا غرق کردیا، جو حالات بن گئے ہیں اس سے ہماری انا بہت پیچھے رہ جائے گی، پلس لندن اور مائنس لندن والی کہانی ختم ہوچکی ہے، بہت ساری باتوں کا کیمرے کے سامنے جواب نہیں دے سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بہت لوگ آئے جنہوں نے کہا کہ آپ کا فیصلہ درست ہے، ہم نے کسی ایم کیوایم والے سے منہ نہیں پھیرا، مخالفت ضرور کی ہے لیکن دشمنی نہیں، کامران ٹیسوری نے خود کو گورنرہاؤس تک محدود نہیں کیا جو اچھی بات ہے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ ایم کیوایم کا ٹیگ لگے شخص نے ہم سے رابطہ کیا تو ہم نے بھی اس کا مثبت جواب دیا، مخالفت کے باوجود ہم نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے نکلیں ہم ساتھ دینگے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں