کوئٹہ : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے جلسے میں مستقبل کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے، ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پی ایس پی رہنما عطااللہ کرد کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاک سر زمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے کوئٹہ میں مصروف دن گزارا۔
مصطفیٰ کمال ضلعی عہدیدار ارباب شائستہ گل کاسی کی رہائش گاہ پہنچے تو ننھے بچوں نے گلدستے پیش کئے مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی کوئٹہ کے رہنماؤں کے ساتھ الاؤ کے گرد بیٹھک لگائی اور خوشگوار موڈ میں باتیں کرتے رہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف بننے پر مبارک باد پیش کی۔
مزید پڑھیں : جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال
انہوں نے کہا کہ تئیس دسمبر کو حیدر آباد کے جلسے میں آگے کا روڈ میپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے پاکستان کو غیر مستحکم اور مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔