کراچی : چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں مسئلہ اختیار کا نہیں کردار کا ہے، وسیم اختر کو لندن کا میئر بنا دیا جائے تو اس کو بھی لالو کھیت بنا دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کراچی میں صفائی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر صرف ٹوئٹ کرکے کراچی میں صفائی کی کوشش کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ خود ٹوئٹ کرنے اور اداکاروں سے ٹوئٹ کرانے سے شہر میں صفائی نہیں ہوتی، ہم ایسا نظام لائیں گے کہ جس سے کسی چیف جسٹس کو نوٹس لینا نہیں پڑے گا۔
سید مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کس منہ سے کہتے ہیں کہ میرے پاس اختیار نہیں، مسئلہ اختیار کا نہیں کردار کا ہے، اگر انہیں لندن کا بھی مئیر بنادیا جائے تو یہ اسے بھی لیاری اور لالوکھیت جیسا بنادیں گے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں شہریوں کو کتے کاٹ رہے ہیں اور ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں لیکن سندھ حکومت کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جارہے۔
چیئرمین پی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ عوام سیاست دانوں کا کردار دیکھ کر انہیں ووٹ دے کر منتخب کریں، دعویٰ نہیں کرتا کہ اکیلا سب ٹھیک کردوں گا، مجھےعوام کا ساتھ چاہئے۔