کراچی : ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم نواز شریف کو پنجاب کا نہیں پاکستان بھر کا لیڈر سمجھتے ہیں، انھوں نے کل کی پریس کانفرنس کرکے اپنا سیاسی قد کم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس کےگھرمہنگےبجلی کےبل جارہے ہیں وہ حکومت پر غصے کا اظہار کررہا ہے، جب بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوگی تو کروڑوں شہری تعریف کریں گے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ حکومت تک بات پہنچانےکےلئے کوئی دھرنے کی ضرورت نہیں ، دھرنا دینگے تو 4لوگ بات کرینگےہم براہ راست وزیر اعظم سے مسائل پر بات کررہے ہیں۔
انھوں نے نواز شریف کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ ہم نواز شریف کو پنجاب کانہیں پاکستان بھر کالیڈر سمجھتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان بھر کےلئے پیکج کا اعلان کرنا پڑے گا، صرف پنجاب کےلئے ریلیف کا اعلان نہیں چلےگاپاکستان بھر کےلئے اعلان ہوناچاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کل کی پریس کانفرنس کرکے اپنا سیاسی قد کم کیا ہے صرف پنجاب میں عوام کیلئے بجلی کا بل کم کرکے غلط میسج دیاگیا، ہم یہ نہیں کہتے آپ پنجاب کیلئےکم نہ کریں،پورے ملک کیلئےبجلی قیمتیں کم کریں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو ردکررہے ہیں کیوں صرف پنجاب کےلئے بجلی سستی کی گئی، کیا ہم اس ملک کے شہری نہیں ہے؟صرف پنجاب کےلئے ہی بجلی سستی کیوں؟
رہنما ایم کیو ایم نے بتایا کہ وزیراعظم سے ڈھائی گھنٹے کی ملاقات میں ہم نے ان کے سامنے اس حوالے سے تمام گزارشات رکھیں، اسکے بعدعطاتارڑ نے صرف آئی پی پیز پر پریس کانفرنس کی، اس پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کی کاوشوں کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر کے کرائسز کے مسئلے کو اٹھانے میں ہم نے بنیادی کردار ادا کیا، ہم وہ واحد پارٹی ہیں جس نے پاور سیکٹر کے مسائل کا حل پیش کیا۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمارے مطالبات کو اپنے مطالبات کہہ کر مسائل کے حل کےلئے کہا، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمیں تفصیلات بتائیں کہ اس پر کام ہورہا ہے، یہ بات ہوئی کہ ہمیں آئندہ آنے والے دنوں میں ریلیف دینا ہے، آئی ایم ایف سے قرض لینے کے بعد ان سے مختلف چیزوں پر اجازت لینی ہوتی ہے، ایم کیو ایم مطالبہ کرتی ہے حکومتی 52فیصد آئی پی پیز فوری پیسے لینا بند کردے۔