کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں ہرایک کو گلے لگانا ہے چاہے کوئی کسی جماعت میں ہو، کسی فرقے سے تعلق ہو اور کوئی سی بھی بولی بولتا ہو اگرکوئی اپنی اصلاح نہیں کرسکتا تو پاک سرزمین پارٹی چھوڑی دے، جمہوری حکومت اب تک مردم شماری بھی نہ کراسکی۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال طارق روڈ میں واقع نور گراؤنڈ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ہمیں صرف سچ بولنا چاہیے ہماری راہ میں صرف ہمارے اعمال رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ایم کیو ایم ،جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کے کارکنان تک اپنا پیغام پہنچائیں اور کوئی مان جائے تو ٹھیک ہے نہ مانے تب بھی اسے گلے لگائیں،کوئی کسی فرقہ سے تعلق رکھتا ہو کوئی سی زبان بولتا ہو محبت،امن اور اتحاد و اتفاق کا پیغام دیے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ سنا ہے پاکستان میں جمہوریت ہے لیکن جمہوری حکومت آج تک مردم شماری نہ کراسکی کیوں کہ حکومت کو خطرہ ہے کہ مردم شماری ہوگئی تو ان کی نشستیں آگے پیچھے ہوجائیں گی۔
واضح رہے کہ مصطفی کمال متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رکن تھے اور 2005 سے 2010 تک شہر کراچی کے ناظم رہے،اس سے قبل وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر بھی رہے اور بعد ازاں سینیٹر بنائےگئے تا ہم 2013 میں پارٹی سے اختلافات کے باعث ملک سے باہر چلے گئے تھے اور مارچ 2016 میں واپس آکے اپنی سیاسی جماعت ‘پاک سرزمین پارٹی’ کی بنیاد رکھی۔