کراچی : سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے اردوبولنے والوں نے کراچی میں جشن آزادی منانے کی تاریخ رقم کی، مہاجروں کوبانی ایم کیوایم سےچھٹکارا دلانے آئے تھے، مقصد پورا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 70سال میں ایسا جشن نہیں منایا گیا جو اس بار کراچی میں منایا گیا، ہم نے 13اگست کی شام کو جشن آزادی ریلی نکالی تھی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم نے خود کو اب بابائے قوم سمجھ لیا ہے، بانی ایم کیوایم نے 14اگست کو سیاہ دن قرار دیا ، بانی ایم کیوایم نے اب تمام حدیں پار کردی ہیں، انھوں نے لوگوں کو کہا آزادی پر یوم سیاہ مناؤ، بانی ایم کیوایم نے پاکستانی جھنڈا جلوا کر بھارتی میڈیاکو ویڈیوبھجوائی ،بھارتی میڈیا نے ان ویڈیوز پر واویلہ کیا۔
سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ بانی ایم کیوایم یہ سب اردو بولنے والوں کے نام پر کررہےہیں ، بانی ایم کیوایم 14اور15اگست کی تقریرمیں مودی سے مخاطب ہوئے اور مودی سے مہاجروں کیلئے الگ صوبے کا مطالبہ کیا، اردو بولنے والوں نے بانی ایم کیوایم کی بات پر ذرا بھی عمل نہیں کیا، اردوبولنے والوں نے کراچی میں جشن آزادی منانے کی تاریخ رقم کی۔
انکا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم کا اصل چہرہ سامنے آنے پر عوام حقیقت جان چکے ہیں، مہاجروں نے 30سال بعد ان کو خود سے الگ کرناشروع کردیاہے، ہماری بات ماننے پر مہاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، 3مارچ2016 کو جو بھی کہا تھا ،بانی ایم کیوایم نے خود ثابت کر دیا جبکہ 22 اگست 2016 کو بانی ایم کیوایم کی حقیقت سامنے آئی۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بانی ایم کیوایم نے اب تمام حدیں پار کردی ہیں، بانی ایم کیوایم کیا کررہا ہے، کل بھی سچ کہا آج بھی کہہ رہےہیں، انیس قائمخانی اور میں جس مقصد کیلئے آئے تھے وہ آج پورا ہوگیا، ہمارامقصد مہاجروں کو بانی ایم کیوایم سے چھٹکارا دلانا تھا، بانی ایم کیوایم کو پاگل خانے میں جمع کرایا جائے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں بانی ایم کیوایم بھارت کا ایجنٹ ہے اسے چھوڑ دو ، سندھ حکومت کا کراچی والوں سے سلوک ملک دشمنی ہے، بیڈ گورننس سے را کے ایجنٹس کو تقویت مل رہی ہے، مہاجر نوجوان کو معافی دیں،یہ کہیں نہیں جائیں گے۔
سربراہ پی ایس پی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم برائے فروخت ہے ،بانی ایم کیوایم کہنے والوں نے پیسے لیکر ن لیگ کی حمایت کی، پیپلز پارٹی سے سودے بازی کر کے سینٹ کا امیدوار بٹھایا گیا۔