کراچی : چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا ہے کہ میری آواز پر لبیک کہتے ہوئے 10 لاکھ افراد میری بتائی ہوئی جگہ پر پہنچیں تو صرف 30 منٹ چلنا ہو گا اور حکومت ہمارے مطالبات کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گی۔
وہ کراچی پریس کلب پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کراچی والوں تیاری کروانشااللہ کامیابی حاصل ہوگی یہ کسی ایک زبان کا ایجنڈا نہیں بلکہ پورے شہرکا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں علم تھا کہ ہمارے پرامن احتجاج پر کوئی کان نہیں دھرے گا اور کئی لوگوں نے مشورہ دیا کہ اپنی درست بات منوانے کے لیے مشتعل احتجاج کی ضرورت ہو گی ورنہ خبر نہیں بنے گی لیکن ہم اپنے اصول پر قائم ہیں کہ درست بات کو منوانے کے لیے بھی تشدد کی راہ نہیں اپنائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں نے کل یہاں جنرل ورکز اجلاس میں کارکنان سے کہا تھا کہ گھر گھر جائیں اور لوگوں کو پیغام پہنچائیں کہ اپنے حقوق حاصل کرنے کےلیےایک ایک شہری کو باہر نکلنا ہوگا اگر 10 لاکھ شہری میری آواز پر لبیک کہتے ہوئے نکل پڑیں تو تیس منٹ میں مطالبات منظور کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے 16 مطالبات کراچی کی جان ہیں ان میں کراچی کے مسائل کا حل موجود ہے جس کے لیے کراچی کے شہریوں کو بلا تفریق رنگ و نسل اور ذبان و مذہب اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا کیوں کہ سندھ حکومت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے تیارنہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور مسائل کے حل کے لیے طے شدہ حکمت عملی کے تحت احتجاج کو دوسرے مرحلے میں منتقل کریں گے اور آخری سانس تک کراچی کے حقوق کے لیے جنگ لڑتے رہیں گے۔