بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

مصطفیٰ کمال کا آج سے پریس کلب کے باہر بیٹھنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے آج سے پریس کلب کے باہر بیٹھنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے کام نہیں آ رہے تھے اس لیے عہدوں کو لات مار دی۔

تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی نے آج سے اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔ پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کراچی پریس کلب کے باہر غیر معینہ مدت کے لیے بیٹھ گئے۔

اس سے قبل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آنے کے بعد سے بہت سے لوگوں نے شہر کی بدحالی کا رونا رونا شروع کردیا ہے، کیا یہ شہر ابھی ایسا ہوا ہے۔ سنہ 2008 سے یہ شہر ایسا ہی ہے۔

مزید پڑھیں: فوجی عدالتیں وقت کی ضرورت ہیں، مصطفیٰ کمال کا خصوصی انٹرویو

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم لوگوں کے مسائل حل نہیں کر پارہے تھے اس لیے اپنے عہدوں کو چھوڑ دیا۔ ہمارے پاس اتنے اختیارات نہیں تھے کہ لوگوں کی بھلائی کے کام کرتے لیکن سنہ 2013 میں ہم نے عوام کی خاطر، اور ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تمام عہدوں اور مراعات کو چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کہتے تھے شہر بدحال ہوگیا ہے، برا حال ہوگیا ہے، تو ہم سے کہا جاتا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ایک زور دار پریس کانفرنس کرو اور حکومت سے الگ ہوجاؤ۔ ہم خوش ہوجاتے تھے کہ ہماری قیادت کو ہماری بات سمجھ آگئی، لیکن اگلے دن لندن سے فون آجاتا کہ رحمٰن ملک صاحب نائن زیرو آرہے ہیں ان کا استقبال کرو۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 5 سالوں میں 4 سے 5 دفعہ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا، اور پھر 24 گھنٹوں کے اندر واپس اسے جوائن کرلیا۔

یاد رہے کہ مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی کی پہلے یوم تاسیس کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی 6 اپریل سے احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی جس کے دوران عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور صاحبان اقتدار پر کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے سخت دباؤ ڈالیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں