بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

مصطفیٰ کمال کو ایوب اسٹیڈیم میں جلسے سے روک دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے پی ایس پی کو ایوب اسٹیڈیم میں جلسے سے روک دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک سرزمین پارٹی 19 مارچ کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں جلسہ کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں آج سربراہ پی ایس پی مصطفی ٰ کمال اور مرکزی رہنما ایوب اسٹیڈیم پہنچے۔

ضلعی انتظامیہ نے مصطفیٰ کمال کو ایوب اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس اور جلسے سے روک دیا، تاہم انھوں نے کہا جب تک جلسے کی اجازت نہیں مل جاتی ایوب اسٹیڈیم میں رہوں گا۔

مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئٹہ جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے، ہم درخواست کرتے ہیں ہمیں جلسے کی اجازت دی جائے، ہم قانون پسند جمہوری لوگ ہیں۔

انھوں نے کہا پی ایس پی غریب آدمی کے مسائل کی بات کرتی ہے، امید ہے صوبائی حکومت ہماری بات مانے گی اور جلسے کی اجازت دے گی، یہاں سرکاری افسران آئے ہوئے ہیں، ہمیں پتا ہے انھیں حکم ملا ہوا ہے، لیکن جلسے کے اس جمہوری عمل کو نہیں روکنا چاہیے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا بلوچستان میں ظلم ہے، عام آدمی پریشان ہے، 5 سال سے بلوچستان میں ہماری پارٹی کام کر رہی ہے، وقت آئے گا جب بلوچستان کے چپے چپے میں پی ایس پی ہوگی، ہم محب وطن ہیں ایسے نہیں کہ ہم سے ریاست کو کوئی خطرہ ہو۔

پی ایس پی رہنما نے مزید کہا جلسے کے لیے کوئی متبادل جگہ نہیں ہے، سارے جلسے یہاں ہی ہوتے ہیں، ہم نے کہا تھا کہ ہاکی اسٹیڈیم دے دیں لیکن منع کر دیاگیا، پہلے جلسے کی اجازت دی گئی بعد میں منع کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں