کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی کی مردم شماری دوبارہ کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی آبادی تین کروڑ سے کم نہیں، مردم شماری غلط ہوئی، ملک میں ایک متنازع مردم شماری ہوئی اسے جائز قرار نہ دیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے متنازع مردم شماری کو متنازع ہی رہنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس مردم شماری کو جائز مان لیا گیا تو آئندہ سب کو جائز مانا جائے گا، کبھی کبھی چیزوں کو متنازع رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے، مردم شماری درست ہو تو کراچی سے 80 صوبائی نشستیں ہوں گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب نے کہا مردم شماری متنازع ہے اسے قانونی نہ بنائیں، آپ نے متنازع مردم شماری کو کابینہ سے منظوری دے دی، ہم چاہتے ہیں کابینہ کے اس متنازع فیصلے کو رد کریں۔
پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وزیروں نے بھی مردم شماری کی منظوری دی، کابینہ میں بے وقوف بنانے کے لیے اعتراضی نوٹ لکھا گیا، کراچی کی مردم شماری دوبارہ کرانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتی، اپنی کرپشن چھپانے کے لیے یہ حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، ہم ایم کیو ایم کے لوگوں کی ڈرامہ بازی نہیں مانتے، اس مردم شماری کو متنازع قرار دیا جائے پھر آگے بات ہوگی۔