کراچی : مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان سے متعلق ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے، ملزم کی مزید 2 کمپنیوں اور کال سینٹر کی تفصیلات مل گئیں۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ادارے نے ملزم ارمغان کی مزید 2 کمپنیوں کا سراغ لگا لیا ہے، ملزم کی 2 کمپنیاں پاکستان جبکہ 2 امریکا میں بھی رجسٹرڈ ہیں۔
اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارمغان کے گھر میں پاورڈ کیبل لگی ہوئی تھیں اور کال سینٹر کے 50 ورک اسٹیشنز تھے، اس کے ڈیجیٹل کرنسی اکاؤنٹس کی چھان بین بھی جاری ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ارمغان کے گھر سے ملنے والے 18 لیپ ٹاپس کی مکمل اسکریننگ کی جارہی ہے، ملزم اور اس سے منسلک افراد کا ڈیٹا جمع کرنے کے بعد ان سے تحقیقات کیلیے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع
واضح رہے کہ مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیرر ازم نے گذشتہ روز ڈیفنس میں ارمغان کے گھر سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک عدد قیمتی کار 18 لیپ ٹاپس اور دیگر اہم دستاویزات کو تحویل میں لیا تھا۔
جس کے بعد اب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔