سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ پانی کی وجہ سے پریشان ہیں، یہ ہم پر ظلم ہے، متحدہ قومی موومنٹ اپنے بانی کی محتاج ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر 1991 معاہدے کی خلاف ورزی ہورہی ہے، یہاں لوگوں کو پانی نہیں دیا جاتا، شہریوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچپن سے خواب تھا کہ ایک سیاستدان کی حیثیت سے عوام کی خدمت کروں، عوام کی ضروریات کو پورا کرنا سیاست دانوں کا فرض ہے، صالح پٹ شہر کو ماڈل سٹی بنانےکی کوشش کی ہے، میرا ارادہ تھا کہ سندھ میں ایک ماڈل سٹی بناکردوں۔
الیکشن میں تاخیر ہوئی، توبہت نقصان ہوگا: خورشید شاہ
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ افسوس ہوتا ہے کہ ہمارا تعلیمی معیار بڑھنے کے بجائے کم ہوتا جارہا ہے، دریائے سندھ پر ترکی کے طرز کا برج بنایا جائے گا، سکھر میں جو اسپورٹس کمپلیکس بن رہا ہے ایسا پورے پاکستان میں نہیں ہے۔
یاد رہے دو روز قبل سکھر میں ہی میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے رہنما پی پی خورشید شاہ نے کہا تھا کہ 15 مئی تک نگراں وزیر اعظم کے نام آجائیں گے، سیا ست میں کوئی کسی کا آخری دشمن یا دوست نہیں ہوتا، حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں اب آگے بڑھنا چاہیے۔
15مئی تک نگراں وزیراعظم کے نام آجائیں گے‘ خورشید شاہ
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، اور پیپلز پارٹی بھی وقت پر الیکشن ہوتا دیکھنا چاہتی ہے، اگر اس میں تاخیر ہوئی تو اس کی مذمت کریں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔