اسلام آباد: مشیر خزانہ خیبر پختونخوا حکومت مزمل اسلم نے رواں سال دفاعی بجٹ دو کے بجائے تین گنا بڑھانے کی تجویز دے دی۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں مزمل اسلم نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں دو گنا نہیں تین گنا اضافہ ہونا چاہیے، فوج کا سارا بجٹ تنخواہوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے، اسلحہ، مشینری اور جہاز خریدنے ککیلیے بھی تو پیسہ چاہیے، ضروری ہے کہ فوج کو اچھا دفاعی بجٹ دیا جائے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کم وقت میں زیادہ آئی ایم ایف پروگرام لیے، معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے ہر پروگرام میں تعاون کیا، اگر پی ٹی آئی تعاون نہ کرتی تو حکومت پیش رفت نہ کر پاتی، حکومت چاہ رہی ہے ہم کچھ ایسا کریں جس سے ملک کو نقصان ہو، ہم ان کو سیاست چمکانے کا موقع فراہم نہیں کرنا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی وجہ سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا پڑے گا، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ تیاری کیلیے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ضروری ہے، اگر عمران خان سے ملنے نہیں دیں گے تو وفاق کی خواہشات کے مطابق بجٹ نہیں بنے گا، اگر ان سے ملاقات کرنے دی گئی تو وفاق کی مرضی سے اچھا بجٹ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ صوبے کا بجٹ پاس نہ ہو یا روک دیا جائے، بجٹ پاس ہوگا لیکن وفاقی ترجیحات پر عمل کرنا مشکل ہوگا، ہم اپنا بجٹ پھر اپنے طریقے اور مرضی سے پاس کریں گے، صوبائی بجٹ میں تنخواہیں وفاق کے بجٹ کے برابر بڑھائی جائیں گی، جتنی تنخواہ وفاقی حکومت بڑھائے گی اتنی تنخواہ ہم بڑھائیں گے۔
گزشتہ روز سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج کی تمام فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت تھی کسی سویلین کو نقصان نہ پہنچے، پاک افواج نے بھارتی فوج کے 285 لوگوں کو مارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا پیٹ کاٹ کے اپنا دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، اب ڈیولپمنٹ کی نہیں ڈیفنس کی بات کرنی ہے، فوج کی تمام فورسز کی تنخواہوں کو ڈبل کرنا پڑے گا۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت ایک پرچم کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو آن بورڈ لیں، فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانے کا کام اپوزیشن کو ساتھ ملائے بغیر نہیں ہو سکتا ہے۔